سپیکر قومی اسمبلی لا ملائیشیا میں قید پاکستانیوں کی قانونی امداد کیلئے ہم منصب سے رابطہ

سپیکر قومی اسمبلی لا ملائیشیا میں قید پاکستانیوں کی قانونی امداد کیلئے ہم ...

اسلام آباد (آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد ملائیشیا میں کاروبار اور ملازمت کے سلسلے میں سکونت پذیر ہے جو پاکستان کیلئے ایک قیمتی سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں تاہم ان تارکین وطن میں سے کچھ معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملائیشیا کی جیلوں میں قید ہیں جن کی اکثریت ان مقدمات کی قانونی چارہ جوئی کرنے کے بھی قابل نہیں ،ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانی تارکین وطن کو قانونی امداد فراہم کی جائے۔ ملائیشیا کے ہاؤس آف ریپریزنٹیٹو کے چیئر مین محمد عارف کے نام لکھے گئے خط میں سپیکر اسد قیصرنے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی تارکین جنوب مشرقی ایشیاء کے تارکین وطن کی بڑی کمیونٹی ہے اور ملائشیا میں بیرونی ممالک کے کام کرنے والوں کا چھٹا بڑا گروپ ہے تاہم بدقسمتی سے اُن میں سے ایک بڑی تعداد معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملائیشیا کی جیلوں میں قیدہے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ ملائیشیا کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعاون اور علیٰ سطحی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر اُن کا دورہ دونوں ممالک کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو 23مارچ 2019کو یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیم، صحت،دفاع،تجارت سمیت دیگر سماجی و اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون کا سفر جاری رہے گا۔

مزید : صفحہ آخر