نشتر ہسپتال میں ادویات کی خریداری میں کرپشن کا مقدمہ ‘ ایم ایس سمیت دو ملزموں کی ضمانت پر سماعت 6 اپریل تک ملتوی

نشتر ہسپتال میں ادویات کی خریداری میں کرپشن کا مقدمہ ‘ ایم ایس سمیت دو ...

  

ملتان (خبر نگار خصو صی ) سپیشل جج اینٹی کرپشن ملتان محمد اقبال خان میؤ (بقیہ نمبر46صفحہ12پر )

نے نشتر ہسپتال میں سرکاری ادویات کی خریداری میں کرپشن کے مقدمہ میں ملوث ایم ایس نشتر ہسپتال سمیت 2 ملزموں کی عبوری ضمانت میں وکلاء کی جانب سے بحث کے لیے مہلت طلب کرنے پر آخری موقع دیتے ہوئے 6 اپریل تک سماعت ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت میں ملزم ایم ایس نشتر ڈاکٹر عاشق ملک اور محمد اقبال نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی کہ ان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ملتان میں نشتر ہسپتال کے لئے سرکاری ادویات کی خریداری میں لاکھوں روپے خرد برد کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر پولیس انہیں گرفتار کرنے کے درپے ہے جبکہ وہ بے قصور ہیں اس لئے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس پر عدالت نے قبل ازیں ملزموں کی عبوری ضمانت ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر منظور کر کے ریکارڈ طلب کیا تھا تاہم گزشتہ روز سماعت پر ملزموں کی جانب سے وکلاء چوہدری شاکر اور حبیب اللّٰہ شاکر پیش ہوئے اور بحث کے لیے مہلت طلب کی تھی جس پر سماعت ملتوی کرنے کا حکم دیا گیا۔ اس موقع پر اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر احسان الحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل انور شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے بحث کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -