بجلی کمپنیوں سے ڈبل سورس کنکشنوں بارے رپورٹ طلب
ملتان (سٹاف رپورٹر) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے ڈبل سورس کنکشنوں کے بارے میں رپورٹ طلب(بقیہ نمبر18صفحہ12پر )
کرلی ہے۔ ایک پراپرٹی پر دو مختلف فیڈرز سے حاصل کئے گئے کنکشنوں کو ڈبل سورس کنکشن قرار دے کر ان کو منقطع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ کئی سال گزرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔ حکومتیں‘ پاور ڈویژن‘ پیپکو (PEPCO) اور بجلی کمپنیوں کی کئی انتظامیہ تبدیل ہوگئیں لیکن ڈبل سورس کنکشنوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکی اور نہ ہی کوئی باقاعدہ مہم چلائی جاسکی ہے۔ ڈبل سورس کنکشنوں سے ہونے والے حادثات کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ حادثات کا خطرہ ہر وقت موجود ہے لیکن ڈبل سورس کنکشنوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہا ہے۔ بجلی کمپنیوں کے افسر اور ملازمین چند ہزار کی خاطر انسانی جانوں اور سسٹم کو داؤ پر لگاتے ہیں۔ بجلی کمپنیوں کے پاس ڈبل سورس کنکشنوں کے حامل صارفین کا مکمل اور درست ریکارڈ اور اعدادوشمار بھی موجود نہیں ہیں۔ پاور ڈویژن کی جانب سے رپورٹ طلب کئے جانے پر ڈبل سورس کنکشنوں کے خلاف چند روزمیں مہم شروع ہونے کا امکان ہے۔