کانگریس اور امریکی صدر میں جنگ شروع ،سپیکر پلوسی ٹرمپ کے ویٹو کو ’’ناکارہ‘‘ کرنے کیلئے متحرک ،اجلاس طلب

کانگریس اور امریکی صدر میں جنگ شروع ،سپیکر پلوسی ٹرمپ کے ویٹو کو ...

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی ایوان نمائندگان کی ڈیمو کریٹک سپیکر نینسی پلوسی نے 26 مارچ کو اجلاس طلب کرنے کا اعلان کر دیا جس میں صدر ٹرمپ کے ویٹو کو ’’ناکارہ‘‘ کرنے کیلئے نئی تحریک پیش کی جائے گی۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں ایوان نمائندگان اور سینیٹ نے الگ الگ مگر دونوں جماعتوں کے ارکان پر مشتمل قراردادیں منظور کرکے صدر ٹرمپ کے ہنگامی حالت کے نفاذ کے ذریعے میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے فنڈ کے حصوں کو غیر موثر بنا دیا تھا۔ قبل ازیں کانگریس نے رواں مالی سال کے بجٹ میں صدر کے پانچ ارب ستر کروڑ ڈالر کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔صدر ٹرمپ نے اپنے انتخابی وعدے پر عمل درآمد کرنے کیلئے کانگریس کے سامنے ڈٹ گئے۔ انہوں نے اپنے خصوصی انتظامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا جس کے بعد مختلف محکموں کے بجٹوں کی کٹوتی کرتے ہوئے آٹھ ارب ڈالر کا فنڈ حاصل کرلیا۔ ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں ڈیمو کریٹک ارکان کی تحریک سے الگ الگ قراردادیں منظور کرکے صدر کے اقدام کو مسترد کر دیا۔ اس کام میں چند ریپبلکن ارکان نے بھی ڈیمو کریٹک اپوزیشن کا ساتھ دیا جن کے بغیر قراردادیں منظور نہیں ہوسکتی تھیں۔ ایوان نمائندگان میں اب وسط مدتی انتخابات کے بعد ڈیمو کریٹک پارٹی کو اکثریت حاصل ہوچکی ہے جہاں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ سینیٹ میں ریپبلکن کی اکثریت ہے جہاں 12 ارکان نے قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیکر اس کی منظوری کی راہ ہموار کر لی ۔ایوان نمائندگان کی ڈیمو کریٹک سپیکر پلوسی صدر ٹرمپ کی شدید مخالف ہیں، لیکن انہوں نے حال ہی میں ڈیمو کریٹک ارکان سے اختلاف کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی مخالفت کی ہے۔ گزشتہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کے حق میں روسی مداخلت کی تحقیقات خصو صی تفتیش کار رابرٹ میولر کر رہے ہیں جن کی رپورٹ منظر عام پر آنیوالی ہے۔ سپیکر پلوسی کہتی ہیں اگرچہ وہ سمجھتی ہیں ٹرمپ صدر رہنے کے اہل نہیں ہیں لیکن وہ ان کیخلاف مواخذے کی تحریک کی حمایت کرکے امریکی قوم کو دو حصوں میں بانٹنا نہیں چاہتے۔ سپیکر پلوسی نے ایک بیا ن میں یقین ظاہر کیا کہ 26 مارچ کو ہونیوالے اجلاس میں صدر ٹرمپ کی طرف سے ہنگامی حالت کے اعلان کی وجہ سے آئین اور جمہو ر یت کی جو خلاف ورزی ہوئی ہے اس کا مداوا کر دیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول