شہداء کے ورثاء سے منصوبوں کا افتتاح پالیسی میں تبدیلی کا مظہر،بی اے ناصر
لاہور (خبرنگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بی اے ناصر نے انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر قلعہ گجر سنگھ سے متصل پولیس ملازمین کیلئے تعمیر کثیر المنزلہ فلیٹس کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ارفع کریم ٹاور کے دو نوں سگے شہید کانسٹیبل بھائیوں علی رضا اور غلام مرتضیٰ کے والدچوہدری نذیر احمد کے ہاتھ سے ان رہائشی فلیٹس کا افتتاح اس بات کا مظہر ہے کہ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے اس اہم پراجیکٹ کے افتتاح کیلئے دونوں شہداء کے والد کی آمدہمارے لئے باعثِ عزت وافتخار ہے۔لاہور پولیس نے محکمہ کی تمام نئی تعمیر ہونے والی عمارات اور دیگر منصوبوں کے افتتاح کے حوالے سے پالیسی تبدیل کی ہے ۔شہید کانسٹیبلز کے والد نے فلیٹس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔