صوابی ، بھتہ خوروں کی فائرنگ سے زخمی حاجی شاہ روم خان چل بسا

صوابی ، بھتہ خوروں کی فائرنگ سے زخمی حاجی شاہ روم خان چل بسا

صوابی ( بیورورپورٹ) موضع یارحسین ضلع صوابی میں نامعلوم بھتہ خوروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا حاجی شاہ روم خان زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ مارچ کی شام نامعلوم افراد نے بھتہ نہ دینے پر یارحسین بازار میں کریانہ مرچنٹ پر فائرنگ کی تھی جس سے ایک مالک زینب علی موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا بڑا بھائی حاجی شاہ روم خان شدید زخمی ہواتھاجنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں داخل کیا گیا تھا۔ بارہ یوم موت کی کشمکش کے بعد حاجی شاہ روم خان ہفتہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لا کرچل بسا۔ مقتول حاجی شاہ روم خان کو اپنے آبائی گاؤں یار حسین میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ جنازہ میں ڈی سی سلمان لودھی ، ڈی پی او سید خالد ہمدانی ، ضلع ناظم صوابی حاجی محمد زاہد خان ، تحصیل ناظم رزڑ حاجی غلام حقانی ، اے سی چھوٹا لاہور و رزڑ ، عوامی نمائندوں ، عمائدین علاقہ ، پولیس آفسران سمیت ہر مکاتب فکر کے لوگوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ یاد رہے کہ اس واقعہ کے خلاف چھ مارچ کو علاقہ کے عوام نے مقتول زینب علی کی لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا تھا ۔ دریں اثناء ڈی پی او صوابی اور ڈی سی صوابی نے نماز جنازہ کے بعد عمائدین علاقہ کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث مجرمان کو بہت جلد ٹریس کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائیگا#

مزید : پشاورصفحہ آخر