”وزڈم آف ویمن“ کے زیر اہتمام شارجہ میں خواتین کا دن منایا گیا

”وزڈم آف ویمن“ کے زیر اہتمام شارجہ میں خواتین کا دن منایا گیا
”وزڈم آف ویمن“ کے زیر اہتمام شارجہ میں خواتین کا دن منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) عورتوں کے بین الاقوامی دن کے حوالے سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی خواتین نے ”وزڈم آف ویمن“ کے زیر اہتمام پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں انٹرنیشنل ویمن ڈے کا انعقاد کیا جس میں امارات میں مقیم پاکستانی خواتین کے علاوہ مرد حضرات نے بھی شرکت کی۔ ویمن ڈے کا اہتمام امارات میں مقیم معروف پاکستانی سوشل ورکر ٹی وی اینکر فرزانہ منصور نے کیا تھا۔


تقریب میں ڈاکٹر ثروت زہرا، مسز ثمینہ ناصر، مسز راشد چغتائی، زاہدہ ملک اعوان، فریحہ فاروقی، یاسمین کنول، نجمی مسرت، نسیم خان، فرح ، بشریٰ عبیر اور نجیبہ کے علاوہ دیگر متعدد خواتین نے شرکت کی۔ ویمن ڈے کا بقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت نجیبہ نے حاصل کی جبکہ نعت پڑھنے کی سعادت ڈاکٹر ثروت زہرا نے حاصل کی۔


اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عورت کی عظمت، عزت اور حرمت کے بارے تقاریر کیں۔ مقررین نے کہا کہ اسلام میں عورت کو جو باعزت مقام حاصل ہے وہ دنیا کے کسی اور مذہب میں نہیں ہے۔ یورپی معاشرہ تو سال میں ایک دن ویمن ڈے مناتا ہے۔ اگر سورة النساءکا مطالعہ کیا جائے تو اس کے مطابق اسلام میں عورت کے لئے ہر دن ویمن ڈے ہے۔ سورة النساءمیں عورت کے حقوق، عزت، حرمت اور عظمت کے بارے تفصیل سے بیان کیا گیا ہے جبکہ آج کے دور میں ہم قرآنی تعلیمات کو بھول کر عورت کو شمع محفل بنا کر بازاروں اور سڑکوں پر لے آئے ہیں جو عورت کی تذلیل کے مترادف ہے۔ آج کی عورت جس طرح اپنے حقوق کا مطالبہ کرتی ہے یا جس انداز سے مطالبہ کرتی ہے یہ طریقہ ہرگز اسلامی نہیں ہے بلکہ دین سے دوری کی علامت ہے۔


مقررین نے کہا کہ دین اسلام کی تبلیغ کے سلسلہ میں مسلم خواتین نے بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ جو لائق تحسین و آفرین ہے جبکہ عصر حاضر میں عورت کی نمود و نمائش اور مطالبات کا عجب ڈھنگ قابل مذمت ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ عورت اپنے بچوں کی اچھی طرح تربیت کرے تو معاشرے میں اسلامی انقلاب آسکتا ہے۔


ویمن ڈے میں پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین، میاں منیر ہانس، عرفان افسر، ذوالفقار مغل، عاشق حسین، محمد ایوب، ظہیر احمد اعوان، محمد نعیم اور شوکت حیات کے ساتھ ساتھ مزید لوگوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی میزبان فرزانہ منصور نے ”وزڈم آف ویمن“ کے زیر اہتمام ویمن ڈے کی تقریب کو کامیاب بنانے پر تمام شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

عرب دنیا -