گلیڈی ایٹرز اورزلمی کے درمیان بڑا معرکہ سجنے میں کچھ ہی وقت باقی ، کئی شہروں میں بڑی سکرینز لگا دی گئیں

گلیڈی ایٹرز اورزلمی کے درمیان بڑا معرکہ سجنے میں کچھ ہی وقت باقی ، کئی شہروں ...
گلیڈی ایٹرز اورزلمی کے درمیان بڑا معرکہ سجنے میں کچھ ہی وقت باقی ، کئی شہروں میں بڑی سکرینز لگا دی گئیں

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل میچ کے آغاز میں اب بس تھوڑا ہی وقت رہ گیا ہے اور شائقین کرکٹ جوک درجو ک سٹیڈیم پہنچ رہے ہیں جہاں 6 بجے رنگا رنگ تقریب کا آغاز ہو گا اور اس حوالے سے تیاریاں بھی مکمل کر لی گئیں ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سٹیڈیم میں لوگوں کی ایک مخصوص تعداد ہی میچ براہ راست دیکھ سکتی ہے اور لطف اندوز ہو سکتی ہے تاہم لوگوں میں جوش و جذبہ مزید بڑھانے کیلئے مختلف شہروں میں بڑی بڑی سکرینز کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں شائقین کرکٹ ایک جھنڈ کی شکل میں میچ دیکھنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ سے بھر پور لطف اٹھا سکیں گے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل کا فائنل رات 8 بجے شروع ہوگا اور اس سے قبل ملک کے مختلف شہروں میں میچ دیکھنے کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں میچ دیکھنے کے لیے بڑی اسکرینیں لگائی جارہی ہیں جہاں شائقین آج کھیلے جانے والے میچ سے محظوظ ہوسکیں گے۔

کراچی کے بڑے شاپنگ مالز سمیت سوسائیٹیز اور کراچی پریس کلب اور آرٹس کونسل میں بھی بڑی اسکرینوں پر میچ دکھایا جائے گا۔ڈیفنس میں واقع ایس کے بی زیڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی شائقین کو براہ راست میچ دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے اور شائقین کرکٹ کو انتظامیہ کی جانب سے بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ آکر میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل بڑی اسکرین پر دکھانے کے لیے گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال اور جیلانی پارک میں انتظامات کیے گئے ہیں۔یونیورسٹی آف لاہور میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان فائنل مقابلے کو بڑی اسکرین پر دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مزید : کھیل /PSL