ائیرپورٹ پر خاتون کی اٹکھیلیوں نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی

ائیرپورٹ پر خاتون کی اٹکھیلیوں نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی
ائیرپورٹ پر خاتون کی اٹکھیلیوں نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی

  

ڈبلن(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ نے شاپنگ مالز اور دیگر جگہوں پر لگے برقی زینوں پر بچوں کو جھولے لیتے اور اٹکھیلیاں کرتے تو دیکھا ہو گا لیکن گزشتہ دنوں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن کے ایئرپورٹ پر ایک خاتون برقی زینے پر ایسی بچگانہ حرکات کرتی پائی گئی کہ اس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر آئی تو اس کی اٹکھیلیوں کی دھوم مچ گئی۔ دی مرر کے مطابق اس خاتون کا نام جیسیکا ہگنز تھا جو آئرلینڈ کے شہر واٹرفورڈ کی رہائشی تھی اور اپنے دوستوں کے ہمراہ بیرون ملک چھٹیاں منا کر واپس آ رہی تھی۔ ایئرپورٹ سے باہر آتے ہوئے اسے شرارت سوجھی اور وہ برقی زینے کے ساتھ لگی ہاتھ رکھنے والی ریلنگ کے اوپر لیٹ گئی جو زینے کے ساتھ ساتھ اوپر جا رہی تھی۔

جیسیکا نے اس کے اوپر لیٹ کر ہوا میں ایسے ہاتھ ہلانے شروع کر دیئے جیسے شارک مچھلی کی طرح تیر کر آگے کی طرف جا رہی ہو۔ اس کے دوست اس کی ان اٹکھیلیوں کی ویڈیو بناتے رہے۔ انہیں ویڈیو میں معروف انگریزی گیت ’بے بی شارک‘ گاتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔ بعدازاں یہ ویڈیو جیسیکا کی بہن لنڈا نے انٹرنیٹ پر پوسٹ کر دی جو آن کی آن میں وائرل ہو گئی۔ انٹرنیٹ صارفین کو تو جیسیکا کی اٹکھیلیاں بہت پسند آئیں لیکن ڈبلن ایئرپورٹ کی انتظامیہ اس پر سیخ پا ہوئی اور وارننگ جاری کر دی کہ آئندہ کوئی مسافر ایئرپورٹ پر ایسی حرکت نہ کرے کیونکہ ایسا کرنے سے کوئی خوفناک حادثہ بھی پیش آ سکتا ہے اور آدمی شدید زخمی بھی ہوسکتا ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -