اے ٹی ایم پر خاتون کا بینک بیلنس دیکھ کر چور نے اسے لوٹی ہوئی رقم واپس کردی

اے ٹی ایم پر خاتون کا بینک بیلنس دیکھ کر چور نے اسے لوٹی ہوئی رقم واپس کردی
اے ٹی ایم پر خاتون کا بینک بیلنس دیکھ کر چور نے اسے لوٹی ہوئی رقم واپس کردی

  

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکو تو جس شخص کو لوٹیں اس کے پاس پھوٹی کوڑی نہیں چھوڑتے لیکن چین میں گزشتہ دنوں ایک ڈاکو نے ایسی انوکھی بلکہ انہونی حرکت کر ڈالی کہ دنیا ورطہ حیرت میں پڑ گئی۔

شنگھائسٹ کے مطابق واقعہ کچھ یوں ہے کہ چین میں لی نامی ایک لڑکی آئی سی بی سی بینک کی اے ٹی ایم سے رقم نکال رہی تھی کہ ایک ڈاکو اندر گھس آیا اور خنجر دکھا کر اس سے رقم حوالے کرنے کو کہا۔ لی نے ڈر کے مارے اے ٹی ایم سے نکالے گئے 2500یوآن (تقریباً51ہزار 800روپے) ڈاکو کے حوالے کر دیئے۔ اس پر ڈاکو نے مشین سے مزید رقم نکالنے کو کہا۔

ڈاکو کے دوبارہ رقم کا مطالبہ کرنے پر لی نے اسے اے اٹی ایم پر اپنا بیلنس دکھایا جو چند یوآن ہی رہ گیا تھا۔ اس رحم دل ڈاکو نے لی کا خالی اکاﺅنٹ دیکھ کر اس سے لیے گئے 2500یوآن بھی اسے واپس کر دیئے اور چہرے پر ایک مسکراہٹ لیے اے ٹی ایم سے باہر نکل گیا۔ڈاکو کے اس انوکھے روئیے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہو گئی جو انٹرنیٹ پر پوسٹ ہوئی تو آن کی آن میں بہت وائرل ہو گئی، جہاں لوگ اس ڈاکو کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔ دوسری طرف ڈاکو کی یہ مہربانی اسے پولیس سے نہیں بچا سکی جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسے گرفتار کرکے حوالات میں ڈال دیا ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -