سانحہ نیوزی لینڈ انسانیت کے خلاف سنگین ترین جرم ،تمام مذاہب دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے بری ہیں:علامہ طاہر اشرفی

سانحہ نیوزی لینڈ انسانیت کے خلاف سنگین ترین جرم ،تمام مذاہب دہشت گردی اور ...
 سانحہ نیوزی لینڈ انسانیت کے خلاف سنگین ترین جرم ،تمام مذاہب دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے بری ہیں:علامہ طاہر اشرفی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں ، مسالک و مذاہب کے قائدین نے سانحہ نیوزی لینڈ کو انسانیت کے خلاف سنگین ترین  جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے بری ہیں،نفرتیں پھیلانے والی قوتوں کے مقابلے کیلئے امن اور سلامتی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو متحد ہونا ہوگا، 29 مارچ کو لاہور میں تمام مذاہب و مسالک کے قائدین کا مشترکہ اجتماع ہو گا۔

پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الکریم ندیم، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا محمد خان لغاری ، علامہ محمد حسین اکبر ، مولانا ضیاء الحق نقشبندی، علامہ افضل حیدری ،ذاکر الرحمن صدیقی، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا عاصم مخدوم ، مولانا قاسم قاسمی ، پیر نقیب الرحمن ، پادری عمائنول کھوکھر، بشپ منو رومال شا ہ ، سردار بشن سنگھ ، ڈاکٹر رامیش کمار اور دیگر قائدین نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کا سانحہ انسانیت کے خلاف امن و سلامتی کے دشمنوں نے کیا ہے ، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا کوئی مذہب اور مسلک نہیں ہوتا ، امن دشمن قوتوں کے خلاف پوری انسانیت کو متحد ہونا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ مسجد پر حملہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں ، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرتیں پھیلانے والے اسلامی تعلیمات سے ناواقف ہیں ، اسلام امن ، سلامتی ، محبت اور رواداری کا دین ہے ، تمام آسمانی مذاہب احترام امن اور محبت کا درس دیتے ہیں ، مسلمان تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں ۔ رہنماؤں نے کہا کہ بے گناہ نمازیوں کی جانوں کو بچانے کیلئے پاکستانی ہیرو نعیم راشد دنیا کیلئے مثال بن گیا ہے ، نعیم راشد نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر انسانوں کو محفوظ بنانے کی کوشش کی ۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسالک و مذاہب کے ماننے والے نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی اور درندگی کی مذمت کرتے ہیں ۔ پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا کہ 29 مارچ کو لاہور میں سانحہ نیوزی لینڈ کے خلاف مشترکہ اجتماع ہو گا ، جس میں تمام مسالک و مذاہب کے قائدین شریک ہوں گے

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -