پی ایس ایل فائنل ٹاکرے کا ٹاس ہوگیا، کون سی ٹیم پہلے چھکے چھڑائے گی؟ آپ بھی جانئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) رنگا رنگ اختتامی تقریب کے بعد پی ایس ایل 4 کے فائنل معرکے کا ٹاس ہوگیا ہے۔
فائنل معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے بتایا کہ بعد میں ڈیو ہوسکتی ہے جس کے باعث پہلے فیلڈنگ کر رہے ہیں، اچھی باﺅلنگ کرکے حریف ٹیم کو بڑا سکور کرنے سے روکنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سٹیڈیم بھرا ہوا ہے جس سے پوری دنیا کو پیغام گیا ہے کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ 180 سے زیادہ کا ہدف دے سکیں۔
خیال رہے کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین اب تک مجموعی طور پر 13 میچز کھیلے جاچکے ہیں ۔ پی ایس ایل کے ان ٹاکروں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پلڑا بھاری رہا اور انہوں نے 7 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ 5 میچز میں فتح پشاور زلمی کا مقدر بنی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔