قانونی اصلاحات کے معاملے پر قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی کا 2 روزہ اجلاس طلب، سعد رفیق بھی شریک ہوں گے
اسلام آباد(صباح نیوز)قانونی اصلاحات کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس منگل کو طلب کرلیا گیا، نیب کے اسیر خواجہ سعد رفیق بھی شریک ہونگے،اہم ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔وزارت قانون و انصاف سے کارکردگی رپورٹ مانگ لی گئی۔
لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ملک میں رائج موجودہ قوانین اور امن و امان کی صورتحال عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ عدالتی ،معاشی، سماجی اور مذہبی انصاف کے حوالے سے کمیٹی نے قانون سازی کیلئے کام شروع کردیا ہے۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران آئینی شقوں51 اور 106 میں دو الگ الگ ترمیمی بلز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کی کارروائی بدھ تک جاری رہے گی اور اجلاس چیئرمین کمیٹی ریاض فتیانہ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، سیکرٹری شماریاتی ڈویژن، سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن، چیئرمین نادرا کو بھی اہم بلز و قانونی اصلاحات کے معاملے پر مدعو کیا گیا ہے۔