’دنیا کو پاکستان کی پیروی کرنی چاہیے‘ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ کا سر بھی فخر سے بلند ہوجائے

’دنیا کو پاکستان کی پیروی کرنی چاہیے‘ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے ایسی بات کہہ ...
’دنیا کو پاکستان کی پیروی کرنی چاہیے‘ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ کا سر بھی فخر سے بلند ہوجائے

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ حملے کے بعد پاکستان نے قابل ذکر اقدامات کیے ، دنیا کو بھی پاکستان کی پیروی کرنی چاہیے، پاکستان اور بھارت کی سیریز کا معاملہ دونوں بورڈز کے درمیان ہوتا ہے، ورلڈ کپ کے میچز میں شرکت کرنے پر تمام ٹیمیں متفق ہیں۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے سانحہ پر پاکستان کا رد عمل قابل تحسین ہے، کرائسٹ چرچ حملے کے بعد پاکستان نے قابل ذکر اقدامات کیے ، دنیا کو بھی پاکستان کی پیروی کرنی چاہیے۔ سکیورٹی آئی سی سی کی ہمیشہ اولین ترجیح ہوتی ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ایک سال میں بہترین اسپرٹ کامظاہرہ کیا ہے،پاکستان ایک مثال ہے کہ کرکٹ کس طرح لوگوں کو قریب لاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی صحیح سمت گامزن ہے، پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کی جانب بڑا قدم ہیں، پاکستان نے سکیورٹی سے متعلق دنیا میں تاثر کو بہتر کرنے کیلئے بہت کام کیا ہے، پاکستان سے متعلق تاثر بہتر ہوا ہے تبھی یہاں تمام انٹرنیشنل پلیئرز آئے ہیں۔

بھارتی ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہننے کے معاملے پر آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو مشروط طور پر آرمی کیپ پہننے کی اجازت دی تھی ، بھارتی ٹیم کا کیپ پہننے کا مقصد چیریٹی تھا اس لیے آئی سی سی نے اجازت دی تھی۔

پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز کا معاملہ دونوں بورڈز کے درمیان ہوتا ہے، ورلڈ کپ کے میچز میں شرکت کرنے پر تمام ٹیمیں متفق ہیں۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -Breaking News -اہم خبریں -