میں نے بلاول بھٹو کی سیاسی موت کا ذکر کیا تھا، اللہ نہ کرے انہیں کچھ ہو : شیخ رشید کی وضاحت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے بلاول کی سیاسی موت کا ذکر کیا تھا،اللہ نے کرے بلاول کو کچھ ہو ۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ بلاول اگر سیاسی میدان میں بچ کر نہیں چلے تو مارے جائیں گے۔اس بیان پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور چوہدری منظور سمیت دیگر نے کہا کہ شیخ رشید کا بیان قتل کی دھمکی ہے، پی پی قیادت اسے سنجیدگی سے لے رہی ہے، یہ بہت حساس معاملہ ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کو دھمکی شیخ رشید کی نہیں بلکہ وزیراعظم کی دھمکی سمجھتے ہیں،عمران خان اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں،یہ وہی دھمکی ہے جو مشرف نے محترمہ بینظیر بھٹو کو دی تھی۔دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نےاپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پی پی چیئرمین کی سیاسی موت کا ذکر کیا تھا، وہ بلاول کے دشمن نہیں ہیں، اللہ نہ کرے انھیں کچھ ہو۔
انہو ں نے کہا اب تو بلاول سے صلح بھی ہو چکی ہے، بلاول سے 2 بار صلح ہو چکی، اب کچھ ہوا تو صلح نہیں ہوگی۔