وزیراعلی سندھ کی نااہلی سے متعلق درخواست پر جواب طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلی سندھ کو تاحیات نااہل قراردینے کی متفرق درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے 20 مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں وزیراعلی سندھ کو تاحیات نااہل قراردینے کی متفرق درخواست کی سماعت ہوئی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مراد علی شاہ کو دو مئی دوہزار تیرہ میں سپریم کورٹ نے نااہل قراردیا تھا،نااہلی کے باوجود مرادعلی شاہ نے جامشوروسے ضمنی الیکشن لڑا۔درخواست گزار کے مطابق مراد علی شاہ نے2013 اور 2018 کا الیکشن غلط لڑا، لہذا غلط بیانی پر وزیراعلی سندھ کو تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔جس پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے 20مارچ کو جواب طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ مراد علی شاہ نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عملدرآمد کیا یا نہیں۔بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی