مشیر بلدیات، کامران بنگش کے زیرصدارت کرونا وائرس کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے نمٹنے اور محکمہ بلدیات کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ سیکرٹری بلدیات میاں شکیل اور سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات کی موجودگی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے ہدایات دئیے کہ اس وقت پورے ملک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حفاظتی و احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اسی ضمن میں صوبے میں موجود ورزش کے لئے بنائے گئے باڈی بلڈنگ جمز کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کوئی بھی چیلنج سامنے نہ آئے۔ عوام عارضی طور پر گھر میں ورزشی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جہاں کہیں بھی ورزشی جمز ہیں انہیں تحصیل میونسپل انتظامیہ فوری طور پر بند کر دیں، امید ہے کہ عوام اسی حوالے سے تدبر اور دور اندیشی کا مظاہرہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ کے معاون برائے بلدیات کامران بنگش نے واضح کیا کہ مال مویشی منڈی بند کرانے کے احکامات پہلے سے جاری کر دئیے گئے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ مال مویشی منڈیاں بھی عارضی طور بند کرا دئیے جائیں۔ عوام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی نے اپیل کیا کہ عوام اور حکومت مل کر کورونا کو شکست دے سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اٹھائے اقدامات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔