سیاسی رہنما کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے عوام کو آگا ہی فراہم کریں، تیمور جھگڑ ا

سیاسی رہنما کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے عوام کو آگا ہی فراہم کریں، تیمور جھگڑ ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے پشاور میں حکومتی اور اپوزیشن ممبران اسمبلی کے کورونا وائرس پر اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر وزراء، ایم پی ایز، ایم این ایز اور اپوزیشن ممبران نے شرکت کی۔ تیمور جھگڑا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے سیاسی رہنماؤں سے شادی بیاہ کی تقریبات اور دوسرے پروگرامز کو منسوخ کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت تک کوئی کنفرم کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ صوبائی حکومت کرونا وباء سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شہریوں کو سیر وتفریح کے لیے اہلخانہ کے ہمراہ بالائی علاقوں میں نہیں جانا چاہیے۔ ممبران اسمبلی اپنے حلقہ نیابت میں عوام کو اس وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی استدعا کی کہ وہ ایک دوسرے کی ساتھ میل جول کو کم کریں تاکہ ہم سب اس عفریت سے محفوظ رہ سکیں۔ صوبائی وزیر صحت نے یقین دلایا کہ احتیاطی تدابیر اپنا کر اس وائرس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ہاتھوں کو بار بار دھونا چاہیے، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا چاہیے، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ اس موقع پر اجلاس کے دیگر شرکاء نے بھی تجاویز دیں اور حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

مزید : صفحہ اول