انٹر بینک میں ڈالر ایک مرتبہ پھر سے مہنگا ہو گیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )انٹربینک میں آج ایک مرتبہ پھر سے ڈالر مہنگا ہو گیاہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی صبح سویری مندی کا رجحان پیدا ہو گیاہے جس نے کاروباری افراد کو تشویش میں مبتلا کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں 25 پیسے اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد ڈالر 158 روپے 40 پیسے سے بڑھ کر 158 روپے 65 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے ۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ سے بھی خوشخبریاں آنے کا سلسلہ تاحال بحال نہیں ہو سکا ہے اور گزشتہ کچھ دنوں سے کروناوائرس کے اثرات سٹاک ایکسچینج پر بھی منڈلاتے دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ 100 انڈیکس مسلسل تنزلی کا شکار ہے ۔ آج سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 33 ہزار 684 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں بہتری آئی آئی اور انڈیکس 33 ہزار 893 پوائنٹس پر پہنچ گیا لیکن یہ بہتری زیادہ دیر قیام نہیں کر پائی اور مارکیٹ میں واپس مندی چھا گئی جس کے بعد اب 100 انڈیکس 220 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 33 ہزار 464 پوائنٹ پر پہنچ گیاہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں انڈیکس 4 دن فریز ہوا اور پیر، جمعرات، جمعہ اور پیر کے روز مندی کے باعث کاروبار کو 45 منٹ کے لیے روکا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے اختتامی روز جمعہ کو کاروبار کا اختتام 104 پوائنٹس کمی کے ساتھ 36 ہزار 60 پوائنٹس پر ہوا تھا۔تاہم آج کاروباری ہفتے کے آغاز پر ایک مرتبہ پھر سے شدید مندی کا رجحان پیدا ہو گیا ہے۔