کرکٹ آسٹریلیا نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کا فائنل منسوخ کر دیا، فاتح کسے قرار دیا؟ انتہائی حیران کن خبر آ گئی

کرکٹ آسٹریلیا نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کا فائنل منسوخ کر دیا، فاتح کسے ...
کرکٹ آسٹریلیا نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کا فائنل منسوخ کر دیا، فاتح کسے قرار دیا؟ انتہائی حیران کن خبر آ گئی

  



سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اپنے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کے فائنل کو منسوخ کرتے ہوئے نیو ساؤتھ ویلز کو چیمپیئن قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤکے سبب کرکٹ آسٹریلیا نے چند دن قبل راؤنڈ میچز کو منسوخ کردیا تھا اور منگل کو شیفلڈ شیلڈ کے فاتح کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے ملک میں ہر طرح کی کرکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے اپنے دفاتر بھی بند کردئیے ہیں۔نیو ساؤتھ ویلز کی ٹیم شیفلڈ شیلڈ کے 9میچوں میں سے 6 میں فتح کی بدولت پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا چکی تھی جبکہ دفاعی چیمپیئن وکٹوریہ فائنل کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر موجود تھی۔

منگل کو میلبورن میں گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر نیوز ساؤتھ ویلز کی برتری نے ہمارے لئے فیصلے کو آسان بنا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس فیصلے سے قبل مختلف پہلوؤں پر غور کیا کہ آیا شیفلڈ شیلڈ کو ملتوی کردیا جائے یا کچھ اور اقدام اٹھایا جائے لیکن موجودہ حالات میں ہم یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب کرکٹ آسٹریلیا کا تمام تر کرکٹ سٹاف گھروں سے کام کرے گا جبکہ موجودہ صورتحال ڈومیسٹک کرکٹ کیساتھ ساتھ آسٹریلیا کے انٹرنیشنل میچز پر بھی اثرانداز ہوئی ہے جہاں آسٹریلین ٹیم کے تمام تر میچز کو تاحکم ثانی منسوخ کردیا گیا ہے۔

کیون رابرٹس نے کہا کہ بقیہ سیزن سمیت تمام میچز کو منسوخ کر کے کرکٹ آسٹریلیا اپنے کھلاڑیوں، شائقین، عملے اور میچ آفیشلز سمیت تمام متعلقہ افراد کو اس وباءسے بچا کر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس طرح کے اقدامات اٹھا کر ہم وائرس کو روکنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

مزید : کھیل