وزیراعظم کے کس معاون خصوصی نے زائرین کو تفتان سے ملک میں آنے کی اجازت دی ؟خواجہ آصف نے سنگین الزام عائد کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )لیگی رہنما خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان سے اندرون ملک آنے کی اجازت دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طر ف زلفی بخاری نے چین سے پاکستانی بچوں کو آنے سے روکا اور دوسری طرف ایران سے ہزاروں زائرین کو آنے کی اجازت دی ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث چین سے طلبا نہیں لائے گئے لیکن تفتان کے راستے لوگوں کا سیلاب آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے زائرین کو تفتان سے پاکستان آنے کی اجازت دی، اب یہ قافلے کہاں ہیں اور کن شہروں میں ہیں کچھ پتا نہیں۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوروناوائرس سے نمٹنے کی اہلیت ہی نہیں ہے، پورے ملک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے اور اس کا کوئی سراغ ہی نہیں مل رہا۔