این اے 250کراچی کے انتخابات: صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط کی تردید کردی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے چیف سیکریٹری کے ترجمان نے این اے 250میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے الیکشن میں تعاون سے معذرت کے الیکشن کمیشن کوخط لکھنے کی تردید کردی اور کہاکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز پیش کی تھی لیکن کوئی خط نہیں لکھا۔ حکومت سندھ پاکستان الیکشن کمیشن کے احکامات کی تعمیل کے لیے مستعد ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خط ارسال کرنے کی خبر قطعی غلط اور بے بنیاد ہے۔بعدازاں محکمہ داخلہ سندھ کے ترجمان نے ضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو تجویز دی گئی تھی کہ مذکورہ حلقے میں الیکشن کے حوالے سے تمام پارٹیوں کے اتفاق رائے کے حصول اور بہتر امن و امان کے ماحول کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ایک مناسب کوشش ہو سکتی ہے۔ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے الیکشن کے بروقت اور پر امن انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
