معاشی استحکام کیلئے درست سمت میں اقدامات کیے جائیں: شیخ محمد ارشد

معاشی استحکام کیلئے درست سمت میں اقدامات کیے جائیں: شیخ محمد ارشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے جلد حصول اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے تجارتی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو ، ٹیکس وصول کرنے والی مشینری کے صوابدیدی اختیارات ، ٹیکس بیس کی مضبوطی ، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کی واپسی اور ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم کرنے جیسے اقدامات اٹھانا بہت ضروری ہیں۔ وہ لاہور چیمبر میں مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک بڑے وفد سے خطاب کررہے تھے، وفد کی سربراہی اشرف بھٹی کررہے تھے جبکہ نائب صدر ناصر سعید، ظہیر بابر، نعیم بادشاہ، ارشد خان، ارشد اقبال، میاں سلیم، میاں طارق، وقار احمد میاں اور سابق نائب صدر ابوذر شاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کے مطابق متعلقہ ادارے لاہور چیمبر کی بجٹ تجاویز پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی مشاورت سے مزید بجٹ تجاویز حکومت کو بھجوائی جارہی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بھاری تجارتی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کسی طرح اچھا شگون نہیں لہذا ان پر قابو پانے کے لیے ہمیں بہترین قابل عمل تجاویز پیش کرنی چاہئیں۔
لاہور چیمبر کے صدر نے وفد کے اراکین سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصول کرنے والی مشینری کے صوابدیدی اختیارات کم ہونے چاہئیں کیونکہ کاروباری معاملات میں بلاوجہ مداخلت سے کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ اصلاحات متعارف کرائی اور موجودہ ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم کیا جائے۔شیخ محمد ارشد نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر بینکوں سے لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس واپس لے جس سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور تاجر برادری کو ریلیف ملے گا۔ انہو ں نے دوہرے ٹیکس کے نظام کے خاتمے اور سمگلنگ پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بہت بْری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ وفد کے سربراہ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم کرنے کے لیے مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو قابل ٹیکس آمدن کے باوجود ٹیکس نہیں دیتے۔ وفد کے ایک رکن نے تجویز پیش کی کہ لنڈا بازار کے سامان پر ویلیوایشن انوائس ویلیو کے مطابق کی جائے تاکہ وہاں کے تاجروں کو سکھ کا سانس نصیب ہو۔

مزید :

کامرس -