مکئی کی چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہونے پر فصل کاٹ لیں: ماہرین

مکئی کی چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہونے پر فصل کاٹ لیں: ماہرین

  

لاہور (کامرس رپورٹر)ماہرین نے کہا ہے کہ بہاریہ مکئی 120 سے 130 دنوں میں پک کر تیار ہونے والی ایک اہم غذائی فصل ہے۔بہاریہ مکئی کی فصل اپنی بڑھوتری کے تمام مراحل طے کر کے مئی کے آخر یا جون کے شروع میں پک کر کٹائی کے لیے تیار ہو جاتی ہے۔جب چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہوجائیں ، دانوں میں ناخن نہ چبھ سکے اوراگر دانے چھلی سے اکھاڑ کر دیکھے جائیں تو ان کے نوک دار سرے سیاہ ہوچکے ہوں تو سمجھ لیں کہ فصل کٹائی کے لیے تیار ہے۔

چھلیاں پردوں میں سے نکال کر پودوں سے علیحدہ کر لی جائیں۔مکئی کی کٹائی سے پہلے پیداوار کے اندازے کے مطابق زمین سے ایک فٹ اونچے چبوترے بنا لیے جائیں جو درمیان سے اونچے ہوں تاکہ اگر بارش ہو جائے تو پانی ان چبوتروں کے اوپر نہ ٹھہر سکے ۔جب فصل کٹائی کے لئے تیار ہو تو چھلیاں پردوں سے نکال کرچبوتروں پر پتلی تہہ میں پھیلادی جائیں اور بعد میں ان کو پلٹنا بھی بہت ضروری ہے تاکہ تمام چھلیاں یکساں طور پرخشک ہوں۔ ہائبرڈ بیج تیار کرنے والے کھیتوں سے صرف مادہ لائنوں سے ہی چھلیاں توڑی جائیں اور الگ خشک کرکے اگلی فصل کے لئے محفوظ کر لی جائیں۔ چبوتروں پر بچھائی گئی چھلیاں جب ایک دوسری پر مارنے سے دانے علیحدہ ہو جائیں اور دانہ دانتوں میں دبا کر توڑنے سے کڑک کی آواز سے ٹوٹے تو سمجھ لیں کہ مکئی سوکھ گئی ہے۔

مزید :

کامرس -