سعودی عرب خواتین کےلئے آسامیوں کا اعلان کرے گا:وزارت محنت

سعودی عرب خواتین کےلئے آسامیوں کا اعلان کرے گا:وزارت محنت
سعودی عرب خواتین کےلئے آسامیوں کا اعلان کرے گا:وزارت محنت

  

جدہ (محمد اکرم اسد/ بیورو چیف) سیکرٹری وزارت محنت و سماجی ترقیات عبدالمنعم الشہری نے کہا ہے کہ سعودی خواتین کے لئے 100 سے زائد نجی کمپنیوں میں اسامیوں کا اعلان جلد ہونے والا ہے۔ وزارت محنت آئندہ دو ماہ میں گھربیٹھے ملازمت کی خواہش مند خواتین کے لئے 50 ہزار اسامیوں کا انتظام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زنانہ اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں میں خواتین کی بھرتی کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔ ہم خواتین کو جزوقتی ملازمت کا بھی انتظام کریں گے۔ سعودی عرب کے بڑے کارخانوں میں کام کرنے والی سعودی خواتین کے بچوں کے لئے مناسب نرسری کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ کارخانوں میں کام کرنے والی خواتین کو ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جائے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت لیبر مارکیٹ میں 533817 خواتین کام کررہی ہیں۔ 60 دن کے بعد گھر بیٹھے ملازمت کی سہولت کا آغاز ہوگا۔ تاہم اس وقت 2 ہزار سے زائد خواتین گھر بیٹھے 9 ہزار ریال ماہانہ پر کام کررہی ہیں۔ گھر بیٹھے کام کرنے کے لئے سعودی عرب میں مختلف شہروں میں 7مراکز قائم ہوں گے اس مقصد کے لئے وزارت محنت خصوصی ویب سائٹ بھی تیار کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زنانہ اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں میں سعودی خواتین کی بھرتی کے تیسرے مرحلے میں وزارت محنت پرفیوم فروخت کرنے والی دکانوں کے علاوہ بچوں کی اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں اور زنانہ ملبوسات فروخت کرنے والی دکانوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد نجی کمپنیوں نے وزارت محنت کو اسامیوں کی پیشکش کی ہے۔

مزید : عرب دنیا