اورنج ٹرین روٹ پر گرجا گھروں کے متاثر ہونے کی افواہیں بے بنیادہیں، ایل ڈی اے

اورنج ٹرین روٹ پر گرجا گھروں کے متاثر ہونے کی افواہیں بے بنیادہیں، ایل ڈی اے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے اورنج لائن ٹرین کے راستے کے اطراف میں واقع گرجا گھروں ( چرچز) کے متاثر ہونے کے بارے میں افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد اور اس معاملے کی آڑ میں مختلف عناصر کی طرف سے کیا جانے والا احتجاج بلا جواز ہے ۔ اورنج لائن ٹرین کے راستے کے اطراف میں واقع چاروں گرجا گھر ( چرچز) ہر لحاظ سے محفوظ ہیں اور ان کی عمارتوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔ترجمان نے تفصیل سے وضاحت کی کہ منصوبے پر عمل درآمدکے دوران کتھیڈرل چرچ دی مال اور نولکھا چرچ نکلسن روڈ کی نہ توکوئی اراضی ایکوائر کی جا رہی ہے اور نہ ہی ان دونوں چرچز کی چاردیواریوں یا کسی دیگر تعمیر شدہ عمارت کو مسمار کیا جا رہا ہے ۔سینٹ اینڈریوز چرچ نابھہ روڈ کی تقریبا ڈیڑھ کنال کھلی جگہ اور 62میٹر چاردیواری زیر زمین تعمیراتی کام کے دوران عارضی طور پر متاثر ہوگی جسے منصوبے کی تکمیل کے بعد اصل حالت میں بحال کر دیا جائے گا اور چار دیواری کو ازسر نو تعمیر کر دیا جائے گا ۔سینٹ پال پریسبٹریرین چرچ نز د بوہڑ والا چوک نکلسن روڈ کی عمارت اس منصوبے سے متاثر نہیں ہورہی تاہم اس کی 10مرلے کھلی جگہ اور 18میٹر چاردیواری اورنج ٹرین کے سٹیشن کی سیڑھیوں کی تعمیر کے دوران متاثر ہو گی جسے بعد ازاں اصل حالت میں بحال کر دیا جائے گا۔