مختلف مقامات پر ریسکیو 1122دفاتر کے تعمیراتی کام جاری ہے،کیپٹن (ر) عثمان

مختلف مقامات پر ریسکیو 1122دفاتر کے تعمیراتی کام جاری ہے،کیپٹن (ر) عثمان

  

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق لوگوں کے جان و مال، املاک اور ان کی دیگر ضروری اشیا کے تحفظ کے لئے ضلعی انتظامیہ لاہور اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہو ئے لاہور شہر کے مختلف مقامات پر ریسکیو 1122دفاتر کے تعمیراتی کام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔لاہور ایک کروڑ کی آبادی کا شہر ہے اور آئے روز آگ لگنے، سلنڈر پھٹنے، ٹریفک حادثات اور دیگر قدرتی آفات اور ایمر ایجنسی کی صورت حال پر قابو پانے کے لئے شہر میں نئے ریسکیو 1122کے دفاتر اور گاڑیوں کی اشد ضرورت تھی۔ جس پر ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے خصوصی طور پر دلچسپی لیتے ہو ئے تمام ورکنگ پیپرز مکمل کرنے کے بعد ان کی تعمیر کا کام شروع کروا دیا ہے۔ ریسکیو 1122کے اسٹیشن گجومتہ، مانگا منڈی رائیونڈ ،مراکا، نذیر گارڈن اور بیدیاں روڈ پر بنائے جارہے ہیں۔ جن پر تعمیراتی کام بڑی تیزی سے جاری ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں تعمیراتی کاموں کو مکمل کر کے ریسکیو 1122کے اسٹیشن کو فنکشنل کر دیا جائے گا۔گجومتہ اسٹیشن،انڈسٹریل ایریا کو کور کریگا۔اور مین فیروز پور روڈ اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں رونما ہونے والے حادثات پر کم سے کم وقت میں پہنچا جا سکے گا۔اسطرح مانگا منڈی ریسکیو1122اسٹیشن بائی پاس ملتان روڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ علاقہ بھی انڈسٹریل ایریا ہے اور مانگا منڈی روڈ پر بھاری ٹریفک ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات پر ایمرایجنسی سے رسپانس کرنے میں یہ اسٹیشن مدد گار ثابت ہو گا۔ جبکہ پانی کے حوالے سے ایمر ایجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے اس اسٹیشن پر فائر بورڈ کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ رائیونڈ میں ریسکیو اسٹیشن اے سی آفس کے قریب بنایا جا رہا ہے۔ اس علاقہ میں تیزی کے ساتھ ہاؤسنگ سو سائیٹیز بن رہی ہیں جس کی وجہ سے شہر پھیل رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہر سال رائیونڈ اجتماع پر ایمر ایجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے اس علاقہ میں ریسکیو 1122کا اسٹیشن ہونا بہت ضروری تھا۔مراکا میں مراکا سٹاپ ملتان روڈ پر اسٹیشن بنایا جا رہا ہے اور ملتان روڈ پر ہونے والے حادثات کی فوری ایمر ایجنسی رسپانس کے لئے یہ اسٹیشن کافی مستفید ثابت ہو گا۔ اسطرح نذیر گارڈن اور بیدیاں روڈ پر اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں۔ان تمام اسٹیشنز کے لئے مجموعی طور پر 16ایمنبولینسز،8 فائر وہیکلز اور8ریسکیو وہیکلز کو بھی خریدا جا رہا ہے۔جبکہ پانی کے حادثات سے نمٹنے کے لئے تین فائر بورڈز بھی خریدی جا رہی ہیں۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے بتایا ان اسٹیشنز پر تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد شہر کے دور دراز علاقوں میں ایمر ایجنسی کی صورت پر جائے حادثہ پر فوری اور بر وقت پہنچنے میں بھی مدد ملے گی۔جس کے باعث لوگوں کے جان و مال اور ان کی قیمتی املاک کو تحفظ فراہم کرنے میں مزید بہتری آئے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -