یو ای ٹی میں نینو میٹریلز اور انرجی کے موضوع پر ایک روزہ سمپوزیم
لاہور( خبرنگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں نینو میٹریلز اور انرجی کے موضوع پر ایک روزہ سمپوزیم منعقد کیا گیا۔ اس میں وائس چانسلر یو۔ای۔ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ سمپوزیم میں ممتاز مقررین جن میں ڈاکٹر رضوان رضا، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ہیومینٹیز اور اسلامیات پروفیسر ڈاکٹر شاہد رفیق، ڈاکٹر ارشاد حسین ، ڈاکٹر خرم جوئیہ ، ڈاکٹر ریحانہ اور دیگر نے پریزینٹیشنز دیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ موجودہ دور منفرداور متنوع انجینئرنگ کا دور ہے جس میں تمام اقسام کی انجینئرنگ اور تیکنیکی مہارتوں سے فائدہ اٹھا کر مختلف ایجادات اور مسائل کا حل نکالا جا رہا ہے جس سے یقینی طور پر دنیا کے ہر شعبے میں انقلاب برپا ہورہا ہے۔
۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ دیگر دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے انکی حکمت عملی اور نفاذ کا بغور مشاہد ہ کر کے نتیجہ خیز مثبت اور ترقی پسند سوچ کو اپنایا جائے اور انجینئرنگ اور دیگر ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے زندگی میں آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالدنے تدریسی شعبہ، محققین اور دیگر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل افراد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام جدید ٹیکنالوجی کو سیکھنے کے ساتھ ساتھ اس پر مکمل عبور حاصل کریں تاکہ موجودہ دور کے چیلنجز کا حل نکالاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یو۔ای۔ٹی مکمل طور پر انجینئرنگ دوست فراہم کر رہی ہے۔ جس سے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے نینو ٹیکنالوجی سے متعلق کہا کہ انجینئرنگ کی یہ صنف اپنے اندر علم کے لحاظ سے وسعت اختیار کیئے ہوئے ہے لہٰذا اس سے بھر پور فائدہ اٹھا کر نئی نئی ایجادات اپنائی جا سکتی ہیں۔ تقریب کے آخر میں مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔