آسٹریلیا کا فاٹا متاثرین کیلئے 30لاکھ آسٹریلین ڈالرز امداد کا اعلان

آسٹریلیا کا فاٹا متاثرین کیلئے 30لاکھ آسٹریلین ڈالرز امداد کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی )حکومت آسٹریلیا نے فاٹا متاثرین کے لیے 30لاکھ آسٹریلین ڈالرز امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم بذریعہ عالمی ادارہ خوراک حکومت پاکستان کی طرف سے فاٹا متاثرین کے لیے فراہم کی جانے والی 8126میٹرک ٹن گندم کی آٹے میں منتقلی ،اس میں قوت بخش اجزاء کی آمیزش اور آئی ڈی پیز کیمپس تک ترسیل میں صرف ہوگی اور ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ دو ہزار متاثرین اس سے مستفید ہوں گے۔ اس امداد کا اعلان آسٹریلیا کی سفیر مارگریٹ ایڈمسن نے پیر کو عالمی ادارہ خوراک کے مرکزی دفتر میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیرِ سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوارڈی نیٹر نیل بون، عالمی ادارہ خوراک کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا اینڈ پیسیفک ڈیوڈ کاٹریڈ اور عالمی ادارہ خوراک کی نمائندہ برائے پاکستان لولا کاسترو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی سفیر نے اپنے مختصر خطاب میں فاٹا متاثرین کے لیے حکومتِ آسٹریلیا کی دیرپا اور مسلسل امداد کا اعادہ کیا۔آسٹریلیوی سفیر کا کہنا تھا ’آسٹریلیا اور حکومت پاکستان کے درمیان ناگہانی آفات سے متاثر عوام کی آباد کاری اور انہیں خوراک و دیگر ضروریات کی فراہمی کے حوالے سے دیرپا شراکت داری ہے اور حکومت آسٹریلیا اس حوالے سے خواتین کو اختیارات کی فراہمی پر خصوصی زور دیتی ہے۔‘لولا کاسترو نے آسٹریلیا کی طرف سے فاٹا متاثرین کے لیے دی جانے والی امداد پر آسٹریلیوی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔لولا کاسترو نے مزید کہا’ ا س امدا کی بدولت دئیے جانے والا راشن فاٹا متاثرین کے لیے فوری اور بروقت غذا کی فراہمی کو یقینی بنائے گا‘۔حکومت آسٹریلیا عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے خوراک کی مسلسل فراہمی سمیت دیگر منصوبوں میں مالی معاونت کر رہی ہے جو کہ آسٹریلیوی حکومت کی پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں امن کی بحال کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید :

علاقائی -