یو سی 157میں مبینہ دھاندلی کیخلاف انتخابی عذرداری پر مزید کارروائی سے روکتے ہوئے ٹربیونل اور مدعاعلیہ امیدواروں سے 15جون تک جواب طلب

یو سی 157میں مبینہ دھاندلی کیخلاف انتخابی عذرداری پر مزید کارروائی سے روکتے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو یونین کونسل 157میں مبینہ دھاندلی کے خلاف انتخابی عذرداری پر مزید کارروائی سے روکتے ہوئے ٹربیونل اور مدعاعلیہ امیدواروں سے 15جون تک جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس فرخ عرفان خان نے یونین کونسل 157سے چیئرمین حاجی محمد شریف کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین کے ناکام امیدوار فاروق خان نے الیکشن ٹربیونل میں انتخابی عذرداری دائر کی ہے جس میں انتخابات کے دوران دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا ہے، الیکشن ٹربیونل نے اس انتخابی عذرداری پر کارروائی شروع کر رکھا ہے، درخواست گزار کے مطابق انتخابی عذرداری لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 62 اور63 پر پورا نہیں اترتی، دفعہ 63کے مطابق انتخابی عذرداری تمام ناکام امیدواروں کی طرف سے دائر نہیں ہوئی بلکہ صرف چیئرمین کے ناکام امیدوار نے انتخابی عذرداری دائر کی ہے، اب ٹربیونل نے دیگر تمام ناکام امیدواروں کو انتخابی عذرداری میں فریق بنانے کی اجازت دیدی ہے، درخواست گزار کے مطابق دفعہ 62کے مطابق انتخابی عذرداری 30دن کی مدت میں دائر نہیں کی گئی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹربیونل کی طرف سے انتخابی عذرداری پر کارروائی غیرقانونی قرار دیتے ہوئے روکنے کا حکم دیا جائے اور انتخابی عذرداری میں دیگر ناکام امیدواروں کو فریق بنانے کی اجازت دینے کا حکم کالعدم کیا جائے، عدالت نے ٹربیونل کو انتخابی عذرداری پر مزید کارروائی سے روکتے ہوئے ٹربیونل اور ناکام امیدواروں سے 15جون تک جواب طلب کر لیاہے۔

مزید :

علاقائی -