وزیراعظم آج ڈیرہ اور19مئی کو گلگت میں خطاب کریں گے
اسلام آباد(اے این این) وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس کے دبا اور شدید گرمی کے باوجود عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ( آج) مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس اور الزامات کے جواب میں اپوزیشن کو سیاسی میدان میں ٹف ٹائم دینے کے لئے عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف(آج) منگل کو مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جب کہ ایک دن کے وقفے سے 19مئی کو گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے جہاں پاک چین اقتصادی راہداری کے حصے آپٹیکل فائبر منصوبے کے افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کریں گے۔وزیراعظم نواز شریف 20 مئی کو سوات میں اپنے خاندان کی طرف سے تحفے کے طور پر 10 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے گردوں کے جدید اسپتال کا افتتاح کریں گے اور جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ پاناما لیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنے سیاسی مخالفین کو ٹف ٹائم دینے کے لئے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی تھی جس کے تحت پہلے انھوں نے مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کیا پھر کوئٹہ میں صحت کارڈ کا اجرا کیا اور پھر بنوں میں عوامی جلسے سے خطاب کیا۔