دفاع سے غافل نہیں ،بھارتی میزائل تجربے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے :سرتاج عزیز

دفاع سے غافل نہیں ،بھارتی میزائل تجربے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے ...

  

اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ہندوستان کی جانب سے سپر سونک میزائل کے تجربے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے گا۔پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے اور وہ اپنی دفاعی صلاحیت کو بہتر بناتا رہے گا۔ سر کا ری ریڈیو کے مطا بق ہندوستان کے میزائل ٹیسٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اس طرح خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو امریکا کا تعاون حاصل ہے، کیونکہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ ایک مضبوط ہندوستان ہی چین کو زیر کرنے کے لیے اہم ہے۔مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ان واقعات کے خلاف عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرے گا۔واضح رہے کہ سرتاج عزیز کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستان نے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مقامی طور پر تیار کیے گئے سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -