وزارت عظمیٰ کے شوقین عمران خان جیل نہیں بھگت سکتے،حمزہ شہباز

وزارت عظمیٰ کے شوقین عمران خان جیل نہیں بھگت سکتے،حمزہ شہباز

  

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ الزامات لگانے والوں کی اپنی اور ان کے دائیں بائیں کھڑے لوگوں کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان ہر سازش میں آگے ہوتے ہیں کیونکہ جب حلقے کھلے تو عوام نے دوبارہ ایاز صادق کو منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کو 8 سال میں ہمارے خلاف ایک بھی ثبوت نہیں ملا اورجو چوری کرے گا وہ کیوں خود کو احتساب کیلئے پیش کرے گا۔ حمزہ شہباز نے کہا شریف فیملی نے آج تک ایک پائی بھی قرضہ معاف نہیں کرایا۔ پاناما لیکس میں نواز شریف کا کہیں نام نہیں اور وزیراعظم کے بچے ثبوت کیساتھ اپنے آپ کو پیش کریں گے۔ لیگی رکن اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان میں نظام کے لیے قربانیاں دیں عمران خان تو دو دن تھانے میں نہیں گزار سکتے۔ انہوں نے کہا جس کا دامن صاف ہوتا ہے وہی چیف جسٹس کو کمیشن بنانے کی درخواست کرتا ہے۔ عمران خان کو شیروانی پہننے کا شوق ہے تو پہن کر گھومیں پھریں۔ جس طرح ان کو دھاندلی کے الزام پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا پھر اسی طرح شرمندہ ہوں گے۔

مزید :

صفحہ اول -