اسلام کے فروغ میں مدارس اہلسنّت کا کرداراہم ہے، سید خورشید شاہ

اسلام کے فروغ میں مدارس اہلسنّت کا کرداراہم ہے، سید خورشید شاہ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمدشاہ نے کہاہے کہ اسلام کے فروغ اور ترویج واشاعت میں مدارس اہلسنّت کا کرداراہم اور ناقابل فراموش ہے،اسلام کے نام پر دہشتگردی نے پاکستان کو پوری دنیامیں بدنام کیا،مسلمانوں کے گلے کاٹناکوئی اسلام نہیں ہے، لعل شہبازقلندر اور شاہ عبداللطیف بھٹائی کی سرزمین امن وآشتی کا گہواراہے،اسلام کے حقیقی چہرے کو دنیاکے سامنے پیش کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔یہ باتیں انہوں نے دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ (ٹرسٹ) ملیرکراچی میں مفتیء اعظم سندھ صاحبزادہ مفتی محمدجان نعیمی سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہیں،اس موقع پر صاحبزادہ مفتی نذیر احمدجان نعیمی، سردارسید ضیاء اللہ شاہ جیلانی آف کارونڈی شریف ودیگر بھی موجودتھے ،جبکہ نامزد چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق ناظم گڈاپ ٹاؤن غلام مرتضیٰ بلوچ، چیئرمین زکٰوۃ وعشرکمیٹی ضلع ملیر نعمان عبداللہ مرادودیگر ان کے ہمراہ تھے۔میڈیاکے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمدشاہ نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں،جمہوری سسٹم کو رول بیک کرنے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے اور کسی صورت جمہوریت کو ڈی اسٹیبلائزڈ نہیں ہونے دیں گے، پانامہ لیکس کے معاملے پر پارٹی میں کوئی دورائے نہیں ،جس نے کرپشن سے مال بنایااس کا احتساب ہوناچاہیئے۔جولوگ دوسروں پر کیچڑاچھال رہے تھے ،آج انہی کی طرف انگلیاں اٹھ رہی ہیں،یوسف رضاگیلانی سے استعفیٰ مانگنے والے خود بھی مستعفی ہوکر اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کریں۔ اس موقع پر مفتیء اعظم سندھ صاحبزادہ محمدجان نعیمی نے کہاکہ اسلام امن وآشتی، محبت اور بھائی چارے کادرس دیتاہے، اسلام میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مدارس اہلسنّت اسلام اور بزرگان دین کے اسی فلسفے پر کاربندرہتے ہوئے علم دین کے فروغ میں مشغول ہیں اورانتہائی نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود دین کی تعلیم عام کررہے ہیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -