غریب عوام کی خدمت کو اپنا وطیرہ بنائیں گے ، عنایت اللہ

غریب عوام کی خدمت کو اپنا وطیرہ بنائیں گے ، عنایت اللہ

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخواکے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی حالت زندگی بہتر بنانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی بھی مخلوط حکومت میں شامل ہے اور جے آئی کی دینی اور عوامی خدمات کے سلسلے میں کی جانے والی جدوجہدکے نتیجے میں صوبے کی دیگر سیاسی جماعتوں سے لوگ متنفر ہو کر جماعت اسلامی میں جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاورمیں شبقدر تحصیل کے ناظمین کونسلرز اور معززین کے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم ویلج کونسل حبیب الرحمان، کسان کونسلر جاوید خان ،سینئر صحافی فرہاداللہ خان ، ولایت خان اورکامل خان نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور انہیں مبارکباد دی اور انہیں ٹوپیاں پہنائیں۔اس موقع پر زونل امیر حاجی بخت محمد ، ناظم ولیج کونسل نوید احمد ، قاری شفیع اللہ اور اول خان بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ شمولیت اختیار کرنے والے ورکرزعوامی فلاح و بہبود کی بہتری اور فلاحی ریاست کے لئے اپنی بھرپور مخلصانہ کاوشیں شروع کریں گے اور غریب عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا وطیرہ بنائیں گے کیونکہ عوام کی خدمت جماعت اسلامی کے منشورکا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قدرتی اور انسانی وسائل کی کمی نہیں اور دستیاب وسائل پر عوام کا حق ہے صوبے کے حقوق غصب کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجائے گا ۔سینئر وزیر نے کہاکہ ملک کو موجودہ حالات سے نکالنے کے لئے مخلص اور ایماندر قیادت کی ضرورت ہے اس لئے معاشرے کے ہر فردکو بدعنوانی،بے دینی اور نا انصافیوں کی راہ روکنے کے لئے موجودہ حکومت کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ ملک وقوم کی ترقی کے خواب کو عملی طور پر شرمندہء تعبیر کیا جا سکے۔

مزید : پشاورصفحہ اول