علی حیدر گیلانی کی 3سال بعد آج ملتان آمد، استقبال کی تیاریاں مکمل

علی حیدر گیلانی کی 3سال بعد آج ملتان آمد، استقبال کی تیاریاں مکمل

  

ملتان( سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر، خبر نگار خصوصی)سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی آج خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں گے ‘پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ان کے والہانہ استقبال کو حتمی شکل دے دی ہے‘ اس سلسلے میں گیلانی ہاؤس ملتان میں اجلاس ہو ا جس میں عبدالقادر گیلانی اور علی موسیٰ گیلانی نے بتایا کہ ہمارے نہ چاہتے ہوئے بھی علی حیدر گیلانی کی خواہش پرانہیں ملتان لایا جا رہا ہے‘کارکن علی حیدر گیلانی کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب ہیں ‘ اسی طرح علی حیدر گیلانی بھی کارکنوں اور اپنے آبائی شہر کے باسیوں سے ملنے کے لئے بے قرار ہیں‘غریب کارکنوں کی دعاؤں کے سبب ہی 3سال بعد ہمارا گھر مکمل ہوا ہے‘انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی طرف سے علی حیدر گیلانی کی محفوظ بازیابی پر ملنے والی پذیرائی نے 3سالہ جدائی کے تمام دکھ درد دور کر دئیے ہیں‘دریں اثنا نسیم لابر کی رہائش گاہ پر بھی علی حیدر گیلانی کی آمد پر استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں جاوید صدیقی ‘خواجہ رضوان‘ عثمان بھٹی‘اکرم کنہوں ‘ نفیس انصاری‘ سلیم راجہ‘ ملک بشیر‘ نذیر کاٹھیا‘ سلیم الرحمٰن میو اور دیگر نے شرکت کی‘ یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی استقبال کرنے والوں سے خطاب کریں گے‘ہجوم کے باعث غوث الاعظم گیلانی روڈ 3سے شام 7بجے تک ٹریفک کے لئے بند رہے گا‘ پی پی رہنما احمد محمود‘ شوکت بسرا ‘بیلم حسنین ‘ نتاشہ دولتانہ‘ بیگم بی اے جگر نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کا والہانہ استقبال ہو گا‘ دریں اثنا جاوید صدیقی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے استقبالیہ ریلی نکالی۔عبدالقادر گیلانی،اور علی موسیٰ گیلانی نے گزشتہ روز سٹی پولیس آفیسر اظہر اکرم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ،اس دوران سابق ایم پی اے جاوید صدیقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے،سی پی او ملتان نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کے لیے ملتان کے مختلف مقامات پر پولیس، سی آئی اے اور جے ٹی ٹی سمیت ایلیٹ فورس کی بھرپور نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے جن کی نگرانی وہ از سر خود کریں گے۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے سید علی حیدر گیلانی کے ملتان آمد پر گیلانی ہاؤس پہنچنے کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے رہنما جمشیدعباس بپی اور دیگر رہنماؤں اسد اقبال پنوار ،مہر قسور چدھڑ، اعجاز ہراج ، غلام مصطفی مٹ ،شوکت مہے کی قیادت میں قادر پور راں کی یونین کونسل عباس پور سے موٹر سائیکل سوار کارکنوں کا ایک بڑا قافلہ ان کے شاندار استقبال کے لئے جمیل آباد پہنچے گا۔ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔پی ایل ایف کے زیر اہتمام مرکزی استقبالی کیمپ ہائیکورٹ بار کے باہر لگایا جائے گا جس کا افتتاح صبح 11بجے ہوگا اور یہیں تمام آنے والے جلوسوں کا استقبال کی جائے گا جلوس کے شرکاء کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور پھر ایک بڑی ریلی کی صورت میں جمیل آباد چوک پر گیلانی صاحبان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا ان خیالات اظہار پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے سابق جنرل سیکرٹری شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ نے استقبال کی تیاریوں کے سلسلہ میں پی ایل ایف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں خواجہ نور مصطفیٰ، نفیس احمد انصاری،مہر اقبال سرگانہ،فیروزہ فیض،رانا جاوید اختر، سید عارف شاہ،خالد مترو،صفدر سرسانہ،ملک سرفراز و دیگر وکلاء نے شرکت کی۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -