معروف گلوکار سونو نگم ’عام بڈھے‘ کے روپ میں سڑک پر آگئے اور پھر ۔۔۔
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف گلوگار ’سونو نگم‘ جو گزشتہ دہائیوں سے شائقین موسیقی کو اپنی آواز کے سحر میں جکڑے ہوئے ہیں ۔زیر نظر تصویر سونونگم کی نئی ویڈیو کی ہے جس میں وہ ممبئی کی گلیوں میں ایک بوڑھے گلوگار کا روپ دھارے بیٹھے اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سونو نگم کی اس ویڈیو کا عنوان ’دی روڈ سائیڈ استاد‘ ہے ۔ یہ ویڈیو تجرباتی طورپر بنائی گئی ہے جس کا مقصد ممبئی جیسے مصروف ترین شہر میں ’جوہو‘ کے مختلف علاقوں میں ایک غیر معروف،عام سے بوڑھے شخص کے گانوں پر عوام کا رد عمل ریکارڈ کرنا تھا۔ سونو نگم کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ جب میں نے خود کو اس حلیے میں دیکھا تو میں بھی خود کو پہچان نہیں پایا تھا۔ میک اپ اس قدر زبردست تھا کہ لوگ میرے بے حد قریب کھڑے ہو کر بھی مجھے پہچان نہیں پائے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تجربے کا ملا جلا رد عمل دیکھنے کو ملا، بہت سے لوگوں نے انہیں رک کر سنا، ان کے گانوں سے محظوظ ہوئے جبکہ کچھ لوگ اس بوڑھے گلوکار کو نظر انداز کر کے گزر گئے۔ یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ اس عکسبندی کے دوران ایک لڑکے کی طرف سے بہت ہی رازداری کے ساتھ انہیں 12روپے بھی نذرانہ دیا گیا ۔ سونو نگم کا کہنا ہے کہ اس لڑکے کا وہ اقدام ان کیلئے انتہائی قابل تحسین ہے اور ان کے لئے یہ 12روپے لاکھوں روپے کمانے کے مترادف ہے۔ جنہیں انہوں نے ایک اعزاز کے طور پر فریم کروا کر اپنے آفس میں آویزاں کر لیا ہے۔