دہشت گردوں کو پیغام دیتا ہوں ،گیلانی خاندان نے ڈرنا نہیں سیکھا :علی حیدر گیلانی
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پیغام دیتا ہوں کہ گیلانی خاندان نے ڈرنا نہیں سیکھا ،بازیابی پر امریکی فورسز اور پاکستانی انٹیلی جنس کا شکر گزار ہوں ۔
علی حیدر گیلانی آج ملتا ن میں واقع اپنے آبائی گھر پہنچے ،اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ائیر پورٹ سے گھر تک قافلے کی صورت میں چلے ۔کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں ۔ملتان میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پر تپاک استقبال پر اہل ملتان کا شکر گزار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آپ لوگوں کے درمیان ہوں ،جن لوگوں نے میری بازیابی کے لیے دعائیں کیں ان کا بھی شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایسے دن گزارے جن میں مرنا آسان اور جینا بہت مشکل تھا ،اگر ایمان ،امید اور صبر نہ ہوتا تو آج لوگوں کے درمیان نہ ہوتا ۔ان کا کہنا تھا کہ معین الدین نے میری خاطر قربانی دی ،معین الدین کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔