ہائی کورٹ:توہین عدالت کی درخواست پرچیف ایگزیکٹو لیسکوقیصر زمان کونوٹس جاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے سنیارٹی نظر انداز کرنے پر چیف ایگزیکٹو لیسکوقیصر زمان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس فیصل زمان خان نے کیس کی سماعت شروع کی تودرخواست گزاروں کے وکیل خادم حسین قیصر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزاروں کی ڈگری بی ایس سی انجینئرنگ کے برابر ہے سنیارٹی کا کوٹہ مخصوص ہونے کے باوجود انہیں اگلے عہدوں میں ترقی نہیں دی جا رہی،انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے عدالت عالیہ نے بھی سی ای او لیسکو کو درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے مگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔عدالت نے سنیارٹی نظر انداز کرنے پر چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 7جون کوجواب طلب کر لیاہے۔