تہرے قتل اور متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث 6ملزمان گرفتار ، آلہ قتل اور مال مسروقہ برآمد

تہرے قتل اور متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث 6ملزمان گرفتار ، آلہ قتل اور مال ...

لاہور(کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس سٹی ڈویژن نے ٹرپل مرڈر،قتل ، اندھے قتل،نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور آلہ قتل برآمد کر لیاہے۔یہ بات ایس پی سٹی سیدکرار حسین شاہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں کو بتائی۔ایس پی سٹی نے کہا کہ انچارج ہومی سائیڈ سرکل بادامی باغ سب انسپکٹر اختر علی نے علاقہ تھانہ ٹبی سٹی میں ٹرپل مرڈر کے مجرمان اشتہاری ماجد اور ساجد کو گرفتارکیا ۔ ملزمان نے زمین کے تنازع پر اپنے دور کے رشتہ داروں محمد ایوب،شکور اور حافظ عاشق کو قتل کیا تھا۔ اسی طرح ایک اور مقدمہ میں سب انسپکٹر اختر علی نے ایک رات میں دوافراد کوقتل اور 6اشخاص کو زخمی کرنے والے ملزم عبدالجبار کو ٹریس کر کے گرفتارکر لیا۔ ملزم نے علاقہ تھانہ فیروز والا میں 5افراد کو زخمی اور ایک فرد کو قتل کیا تھا اور اسی رات علاقہ تھانہ بادامی باغ میں اپنی ساس روح افزا کو قتل اور اپنی سابقہ بیوی کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل پسٹل اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ سب انسپکٹر اختر علی نے ہی بادامی باغ کے علاقہ میں اندھے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم آصف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے کھوکھر گاؤں بند دریائے راوی علاقہ تھانہ بادامی باغ میں نبیل احمد کو جوئے کی رقم کے تنازع پر قتل کر دیا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل ٹوکہ اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ سید کرار حسین نے مزید بتایا کہ تھانہ راوی روڈ کے انچارج سب انسپکٹر محمد عالم نے بوٹا نقب زن و چورگینگ کے 2 ملزمان بوٹا اور ارشد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے9لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 6موٹر سائیکلیں، موبائل فونز ، ریڈی میڈ کپڑا ،نقدی، دیگر قیمتی اشیاء اورناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔

مزید : علاقائی