سحرو افطارکے دوران گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے پلان جاری
لاہور(خبرنگار) سوئی ناردرن گیس نے ماہ رمضان میں سحری اور افطاری کے دوران گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لئے پلان جاری کر دیا۔ سحری اور افطاری کے درمیان گیس کی کمی کو دور کرنے کے لئے شکایات سیل قائم، لاہور میں جی ایم سوئی گیس کمپنی قیصر مسعود کی نگرانی میں 10 ایگزیکٹو افسران الگ الگ ایمرجنسی سیل پر ڈیوٹیاں دینے کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی امجد لطیف نے گزشتہ شام ویڈیو لنک پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے درمیان صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ گیس کمپنی کے پاس گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں اور رمضان المبارک میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے سوئی گیس کمپنی کے تمام ریجنوں کے جنرل مینیجرزکو ویڈیو لنکس کے ذریعے حکم دیا کہ گیس کی کمی کے حوالے سے شکایت سیل قائم کیے جائیں۔ اس حوالے سے جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن قیصر مسعود نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ لاہور میں سحری اور افطاری کے دوران صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی اس کے لئے پلان تیار کر کے شیڈول جاری کردیا گیا ہے اور ایمرجنسی ٹیمیں 24گھنٹے الرٹ رہیں گی۔