نویں کلاس کی داخلہ اور رجسٹریشن فیس جمع کروانے کی تاریخوں میں توسیع
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز میں نویں کلاس کی داخلہ اور رجسٹریشن فیس جمع کروانے کی تاریخوں کو بڑھا دیا گیا ۔ ا نٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین نے پنجاب کے تمام بورڈز کو مراسلہ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق طلبہ کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے انٹر بو ر ڈ کمیٹی آف چیئرمین نے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں نویں کلاس کے داخلوں اور رجسٹریشن فیس جمع کروانے کی تاریخوں کو ری شیڈول کرتے ہوئے تاریخوں کو بڑھا دیاہے۔ لاہور تعلیمی بورڈ سمیت پنجاب کے 9تعلیمی بورڈ ز کو پی بی سی سی کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں تما م تعلیمی بورڈز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ،جس کے مطابق لیٹ فیس کے بغیر نویں کلاس کی رجسٹریشن اور داخلہ فیس جمع کروانے کی تاریخ اب 24 مئی تک ہو گی،اس کے علاوہ فی سٹوڈنٹ 5 سو روپے( لیٹ فیس )کیساتھ 25 مئی سے 8 جولائی تک داخلے جمع ہوں گے ۔ مراسلے کے مطابق نویں کلاس کی انرولمنٹ فیس فی سٹوڈنٹ 8 سو روپے اور پروسیسنگ فیس395 روپے فی سٹوڈنٹ ہو گی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو داخلہ فیس سے استثنی ہوگا اور سرکاری تعلیمی ادارے صرف 395 روپے پروسیسنگ فیس ادا کریں گے، تمام تعلیمی بورڈز انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کے فیصلوں پر عمل درآمد کریں۔
تاریخ توسیع