اساتذہ اب رمضان بازاروں میں بھی ڈیوٹیاں دیں گے

اساتذہ اب رمضان بازاروں میں بھی ڈیوٹیاں دیں گے

  



لاہور(حافظ عمران انور)پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کی اصل حقیقت سامنے آگئی، اساتذہ اب رمضان بازاروں میں سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کے زیر سایہ اشیاء خو رد و نوش کی قیمتیں چیک کرنے کی ڈیوٹیاں دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے اساتذہ کی رمضان بازاروں میں ڈیوٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق قوم کے معماروں کو کبھی بچوں کو قطرے پلانے ،کبھی ڈینگی مہم میں گھر گھر جا کر مہم چلانے ،الیکشن ڈیوٹیوں اور کبھی گندم کا بار دانہ تقسیم کرنے کی ڈیوٹیوں کے بعد اب رمضان بازاروں میں قیمتوں کو چیک کرنے کے لئے ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں ۔شیخوپورہ میں ڈپٹی کمشنر نے گریڈ 19کے سینئر اساتذہ کو رمضان المبارک میں لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں چیک کرنے پر لگا دیا ہے ان میں سینئر سبجیکٹ کے علاوہ ہیڈ ماسٹرز بھی شامل ہوں گے۔ اساتذہ رمضان المبارک میں صبح 30:7سے 00:1 بجے دوپہر تک رمضان بازاروں میں ڈیوٹیوں کے لئے موجود رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کی اہم بات یہ ہے کہ سینئر اساتذہ موقع پر موجود سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کے ماتحت رہتے ہوئے کام کریں گے اور ڈیوٹی کے دوران خوردو نوش کی قیمتوں کو چیک کر کے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو رپورٹ کریں گے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے سیکرٹری جنرل رانا لیاقت نے کہا ہے کہ آئے روز اساتذہ کو تدریس کے شعبے کے علاوہ دوسرے شعبوں کی ڈیوٹیوں پر تعینات کر کے اساتذہ کی تذلیل کی جا رہی ہے ۔ اساتذہ اس قوم کے معمار ہیں اور ان کا کام صرف بچوں کو علم کی روشنی سے منور کرنا ہے جبکہ پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...