ناقص کارکردگی پر 27سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ کیخلاف کارروائی کا آغاز

ناقص کارکردگی پر 27سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ کیخلاف کارروائی کا آغاز

  



لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ناقص کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی شامت آ گئی۔محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے 27 سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا۔کارروائی مس کنڈکٹ ،ناقص کارکردگی اور طلبہ کے ناقص امتحانی نتائج پر کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مس کنڈکٹ بڑی تعداد میں بچوں کے سکول چھوڑ جانے اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 27 سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔اس حوالے سے متعلقہ سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کا مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جن اساتذہ کے خلاف کارروائی کا مراسلہ جاری کیا گیاان میں ساہیوال،سرگودھا،ملتان،اوکاڑہ،بہاولنگر، اٹک، لاہور، شیخوپورہ ۔سمیت متعدد اضلاع کے سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ شامل ہیں۔مراسلے کے مطابق گریڈ 19 کے 17 سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کے خلاف ان کے زیر سایہ پڑھنے والے بچوں کے سالانہ امتحانی نتائج میں ناقص کارکردگی پر کارروائی کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے گریڈ 19 کے 10 سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کی طرف سے مس کنڈکٹ او ر بڑی تعداد میں بچوں کے سکولوں سے ڈراپ آؤٹ کی وجہ سے ان اساتذہ کی 3 سال کی ترقیاں روک لی گئی ہیں ۔ سکول ایجوکیشن ذرائع کے مطابق متعدد بار ان اساتذہ کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھجوائے گئے۔ لیکن ان کی جانب سے تسلی بخش جواب نہیں مل سکا جس کے بعد انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پران اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کی گئی ہے

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...