تعلیم کی ترقی کیلئے تحقیقی کلچرکا فروغ انتہائی اہم ہے ،ڈاکٹر ناصرہ جبیں
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا ہے کہ تعلیم کی ترقی کیلئے تحقیقی کلچرکا فروغ انتہائی اہم ہے جس کیلئے پنجا ب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام وحید شہید حال میں منعقدہ ایک روزہ نویں پوسٹ گرایجوئیٹ طلبہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، پروفیسر ڈاکٹر شاہد فاروق،ودیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ممتاز اختر نے کہا کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرزکو اعتماد بخشنے اور رہنمائی کیلئے ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام گزشتہ نو برس سے تسلسل کے ساتھ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں ریسرچ کا بڑا کردار ہے جس کیلئے ادارہ تعلیم وتحقیق اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کانفرنس میں پاکستان بھر کی مختلف یونیورسٹیوں سے بڑی تعداد میں سکالرز نے شرکت کرتے ہوئے 85تحقیقی مقالے پیش کئے ۔