رمضان المبارک ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے، طاہر القادری

رمضان المبارک ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے، طاہر القادری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹرطاہر القادری نے ماہ صیام کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا ہے اسلامیان پاکستا ن اور ملت اسلامیہ کو ماہ مقدس مبارک ہو، رمضان المبارک ایثار وقربانی، تقوی وطہارت، توبہ واستغفار کا درس دیتا ہے، جس طرح بہا ر کی آمد سے موسم بدل جاتا ہے اسی طرح رمضان المبارک کی آمد سے ماحول بدل جاتا ہے۔
، مسلم معاشرے پر نظم وضبط کا رنگ چڑھ جاتا ہے ، رمضان المبارک کی آمد ہو چکی ہے ہمیں طے کرنا ہے رحمت و برکت کے ماہ مبارک میں کس طرح زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنی ہیں انسانیت کی خد مت کو اسلامی تعلیمات میں مرکزیت حاصل ہے۔دکھی انسانیت کا سہارا بننے کے سفر نے اسلامی معاشرے کو قبول عام کے درجے پر فائز کیا ۔اسلام کے اقتصادی و معاشی حقوق کا مقصود معاشرے کے محروم طبقات کو ایسے مواقع فراہم کرنا ہے کہ وہ حقیقی معنی میں فلاحی معاشرے کے شہری کے طور پر زندگی گزار سکیں۔انہوں نے مزید کہا حضور اکرمؐ نے غریبوں،محتاجوں سے حسن سلوک کی تعلیم دی، محسن انسانیت ؐغریبوں او ر محتاجوں کو تکلیف میں مبتلا دیکھتے تو جب تک ان کی تکلیف کا ازالہ نہ ہوجاتا آپؐ مطمئن نہ ہوتے۔اسلام نے ہر فرد کو بنیادی ضروریات کا حق دیا،کسی کو بھی بنیادی ضروریات و سہولیات سے محروم نہیں کیا۔ اسلام اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر ترجیح دیتا ہے،دین اسلام ہرگز اجاز ت نہیں دیتا کوئی ایک شخص جملہ وسائل پر قابض ہوکر دیگر افراد کیلئے قومی وسائل سے فائدہ اٹھانے کا راستہ روکے۔ اسلام نے ہر فرد کو قومی و سائل سے استفادے کا مساوی حق دیا ہے، رمضان المبارک ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے، معاشرے کے مفلوک الحال طبقات کو زندگی کی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصد میں سے اہم ترین مقصد ہے۔ غربت،افلاس،بھوک،بدا منی اور دہشتگردی کے خاتمے کا عزم وکوشش کرنا بھی ہر مسلمان کا فرض ہے۔صفائے قلب کیلئے روزہ بہترین ذریعہ ہے صرف اس کے تقاضے پورے کرنے کی ضرورت ہے۔ بھوکا پیاسا رہ کر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے، اسلام کے ایثار،احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کر نے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل مہینہ ہے۔
طاہر القادری

مزید :

علاقائی -