پاکستان ،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میںآج پہلا روزہ

پاکستان ،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میںآج پہلا روزہ

لاہور، ریاض، دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) پاکستان ،سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کاچاندنظر آگیا،پہلا روزہ (آج )جمعرات کو ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ر مضان المبارک سن 1439ہجری کا چاند نظر آ گیا،پاکستان میں پہلا روزہ آج بروز جمعرات ہو گا۔ جب کہ پہلی بار دنیا بھر میں ماہ صیام ایک ہی دن شروع ہوگا مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس چیرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سمیت ڈائریکٹر محکمہ موسمیات، ڈی جی وزارت مذہبی امور نے شرکت کی جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں اور آج بروز جمعرات 17 مئی پاکستان میں پہلا روزہ ہو گا۔مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ چاند کی شہادتیں دیر، بونیر، نتھیا گلی، کوئٹہ اور ایبٹ آباد سے موصول ہوئی جن کی تصدیق کے بعد متفقہ طور پر رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش منگل کی شام 4بجکر 49 منٹ پر ہوچکی تھی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر 26 گھنٹے 12 منٹ ہو تو وہ آسمان پر دکھائی دیتا ہے۔واضح رہے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا اور جاپان میں رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا لہذا پہلا روزہ آج جمعرات 17مئی کو ہو گا۔

روضہ

مزید : صفحہ اول