نوازشریف سے وزیراعظم اور شہباز شریف کی ملاقات،سیاسی صورتحال عسکری قیادت کے تحفظات پر غور
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم عباسی اور قائد مسلم لیگ (ن)نواز شریف کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں نگران وزیراعظم کے ناموں اور فاٹا کے انضمام کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان کے بعد کی صورتحال پر مشاورت اور عسکری قیادت کے تحفظات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف پر الزامات اور چیئرمین نیب کی قائمہ کمیٹی میں طلبی پر بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی ملاقات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی جس میں پارٹی قائد نواز شریف، پارٹی کے صدر شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریک تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ملکی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ملاقات کی تھی اور انہیں قومی سلامتی اجلاس کے دوران ہونے والے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
نوازشریف ملاقات