مداخلت برداشت نہیں ،آئین کے مطابق شفاف الیکشن کروائیں گے،چیف الیکشن کمشنر

مداخلت برداشت نہیں ،آئین کے مطابق شفاف الیکشن کروائیں گے،چیف الیکشن کمشنر

لاہور(نامہ نگار)عام انتخابات کے لئے مقرر کئے گئے37ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے،چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی،شفاف انتخابات کروانا الیکش کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا خان نے ان خیالات کا اظہار لاہورمیں پنجاب کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے خطاب کے دوران کیا،الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے پنجاب بھر کے سیشن ججوں کی ایک روزہ ٹریننگ کا اہتمام نجی ہوٹل میں کیاگیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمدرضا خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ ایک شفاف ادارہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا کردار بہت اہم ہے،انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف الیکشن کرائے جائیں گے،یہ الیکش پاکستان کے مستبقل کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخاب میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، الیکشن کے تمام عملے کو سکیورٹی فراہم کی جائے،الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے ان کی ذمہ داریوں کا حلف لیا،اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے واضح کردیا کہ الیکشن بروقت ہوں گے اور الیکشن میں خلوئی مخلوق اثر انداز نہیں ہوگی ،جنرل الیکشن 2018ء شفاف اور پہلے سے بہتر ہوگا۔ انتخابی عملے کو گاڑیوں کی فراہمی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے،انتخابی ڈیوٹی کے لئے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ انتظامی طور پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے ساتھ کوآرڈینیشن بھرپور طریقے سے کی جائے گی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ مئی کے آخری ہفتے میں آئندہ جنرل الیکشن کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔نگران حکومت کے فوری بعد 60 دنوں میں الیکشن کمیشن الیکشن کروانے کا پابند ہے۔تقریب میں سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جنرل انتخاب سے قبل ہر چیز طے کرلی جائے تاکہ الیکشن کے دن کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تمام سیشن ججوں کو ان کے اضلاع میں ڈسٹرکٹ رٹیرنگ افسران کے طور پر کام کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر

مزید : صفحہ اول