سندھ اسمبلی :کمشنر کراچی کے روئیے کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

سندھ اسمبلی :کمشنر کراچی کے روئیے کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کے صحافیوں کے ساتھ ہتک آمیز رویئے کے خلاف صحافیوں نے چوتھے روز بھی سندھ اسمبلی پریس گیلری میں پرامن احتجاج اور علامتی واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کا صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، اسمبلی کارروائی کا علامتی واک آؤٹ کیا۔ بدھ کے روز مسلسل چوتھے روز صحافیوں نے سندھ اسمبلی پریس گیلری میں کمشنر کراچی کے ہتک آمیز روئیے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کمشنر کے نازیبا روئیے کے خلاف نعرے بازی کی۔ صحافیوں نے پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے جن پر کمشنر اعجاز احمد خان کے روئیے کے خلاف نعرے درج تھے۔ صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر کراچی صحافیوں کے ساتھ ہتک آمیز روئیے پر معافی مانگیں دوسری صورت میں انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ سندھ حکومت نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں کے پرامن احتجاج کا ایک ہفتے سے کوئی نوٹس نہیں لیا جس کی میڈیا نمائندوں نے مزمت کی۔ ایم کیوایم کے محمد حسین اور جمال احمد نے احتجاج کے دوران صحافیوں سے پریس گیلری میں ملاقات کی اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا محمد حسین نے کہاکہ ہم اس معاملے کو ایوان میں اٹھاینگے اور تمام اپوزیشن جماعتیں صحافیوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہیں۔صوبائی وزیر منظور وسان نے ایوان میں کہا کہ صحافیوں کے احتجاج سے متعلق وزیراعلی سندھ سے بات کی ہے امید ہے وزیراعلی انکے احتجاج کا نوٹس لینگے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے صوبائی وزیر منظور وسان کے ریمارکس پر احتجاج کیا اور منظور وسان کو نشست پر بیٹھنے پر مجبور کردیا اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے گلی گلی میں شور ہے پپو پارٹی چور ہے کے نعرے لگائے۔ بعدازاں اپوزیشن جماعتوں ایم کیوایم، فنشکنل لیگ، پی ایس پی، پی ٹی آئی اور نواز لیگ کے اراکین اظہار یکجہتی کرتے ہوئے صحافیوں کے احتجاج میں شریک ہوئے اور انہوں نے بھی کمشنر کراچی کے روئیے کی شدید الفاظ میں مزمت کی۔ اپوزیشن اراکین نے صحافیوں کے ساتھ کمشنر کراچی کے خلاف نعرے بھی لگائے اور کہا کہ وہ اس معاملے پر ایوان میں بھی آواز بلند کرینگے صحافیوں نے پرامن احتجاج میں شریک ہونے اور اظہار یکجہتی کرنے پر اپوزیشن جماعتوں سے تشکر کا اظہار کیا۔ سندھ اسمبلی پریس گیلری کمیٹی نے حکومتی بے حسی پر صوبائی وزرا کی سندھ اسمبلی میں تقاریر کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔